جے پور22اکتوبر(ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا) آل انڈیا کانگریس کمیٹی کے جنرل سکریٹری اشوک گہلوت نے وزیر اعظم نریندر مودی پر حملہ کرتے ہوئے پیر کو کہا کہ رافیل سودا مودی حکومت کو لے ڈوبے گا۔
سابق وزیراعلیٰ نے کہاہے کہ مودی کی مقبولیت کا گراف نیچے گر گیا ہے اور مودی کی کی گئی تقریروں کو دیکھتے ہوئے کانگریس کو مہم چلانے کی ضرورت نہیں ہے کیونکہ سب چیزیں سامنے آ گئی ہیں۔
گہلوت نے یہاں نامہ نگاروں سے بات چیت میں کہاہے کہ رافیل سودا مودی حکومت کو لے ڈوبے گا۔انہوں نے کہاہے کہ رافیل لڑاکا طیارے بنانے کا ٹھیکہ ہندوستان ایئروناٹکس لمیٹڈ سے چھین لیاگیاجوعوامی شعبہ کی کمپنی کے ملازمین کی توہین تھی۔
انہوں نے کہا کہ جب ہم نے ایچ اے ایل دفتر کا دورہ کیا تو ملازمین کی آنکھوں میں آنسودیکھے۔کمپنی کے سابق ملازمین نے بھی اسے ایچ اے ایل کی توہین بتایا۔ گہلوت نے بڑھتی مہنگائی سمیت دیگر مسائل پر مودی حکومت کو گھیرتے ہوئے کہاہے کہ مہنگائی بڑھی ہے،روپے کی قیمتیں گھٹ رہی ہیں اور ان کے وعدے ٹیڑھا رہے ہیں۔
مودی کی گزشتہ تقریروں کو اب کی تقاریر سے موازنہ کریں، میں یقین دلاتا ہوں کہ کانگریس کو ملک میں مہم چلانے کی ضرورت نہیں ہے۔ انہوں نے کہاہے کہ30 سال بعدبی جے پی کو مکمل اکثریت ملنے پر مودی وزیر اعظم بنے، لیکن وعدوں کو پورا نہیں کیاگیاہے۔سبھاش چندر بوس کی غفلت کے مودی کے الزامات پر گہلوت نے کہا کہ پورا ملک نیتا جی کا احترام کرتاہے۔